اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):تھائی لینڈ میں جاری 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ 2025 میں فراست علی اور اعجاز احمد نےبھارت اور افغانستان سمیت 10 تن سازوں کو شکست دے کر جونیئر اور ماسٹر کیٹگری میں 2 گولڈ میڈل حاصل کر لئے۔فراست علی ملتان میں سائیکلوں کو پنکچر لگانے کا کام کرتے تھے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن سہیل انور کے مطابق تھائی لینڈ میں جاری 57 ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ 2025 جونیئر کیٹگری میں بھارت سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس بہشان دت، ہوائی بام رکی،فیروج اور افغانستان کے ایتھلیٹ بیت اللہ زدران کے ساتھ 75 کلو گرام تک کیٹگری میں شاندار مقابلے کے بعد فراست علی نے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
اسی طرح اعجاز احمد نے ماسٹر کیٹگری میں ویتنام، چین،ملائیشیا،انڈیا اور منگولیا کے تن سازوں کو شکست دے کر دوسرا گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔سہیل انور نے اس شاندار کامیابی پر انتہائی مسرت کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ فراست علی اور اعجاز احمد نے تھائی لینڈ میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کرکے ہم سب کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں ، ہمارے جوان آئندہ بھی کارکردگی دکھاتے رہیں گے۔