ملتان ۔ 28 اگست (اے پی پی):ملتان کی 99 یونین کونسلز میں پولیو سے بچاؤ کی تین روزہ مہم یکم ستمبر سے شروع ہوگی جس کے دوران پانچ لاکھ 70 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے محکمہ صحت کے دفتر میں پولیومہم سے متعلق تقریب میں شرکت کی ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مہم کے دوران پانچ سال تک کے 5 لاکھ 73 ہزار 622 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جن کے لیے 3 ہزار 149 موبائل ٹیمیں، 185 فکسڈ اور 123 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
پولیو مہم کی نگرانی کے لیے 3 ہزار 457 ایریا انچارجز اور 652 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز بھی فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی قطرے پلائیں۔