ملتان۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):ملتان میں 3 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ،مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 10 لاکھ 23 ہزارسے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ اور پولیو ٹیموں کی چیکنگ کی اور رحیم آباد میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں انسداد پولیو مہم کے لئے 4 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں،یونین کونسلز اورعوامی مقامات سمیت بس اڈوں پر خصوصی کیمپ قائم کرد یئے گئے ہیں۔حکومت پولیو فری پاکستان کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین قانونی کارروائی کے لئے تیار رہیں، اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیلوں میں پولیو ٹیموں کی چیکنگ کا ٹاسک دے دیاگیاہے۔اس موقع پرمتعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔