ملتان ٹیسٹ، انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

65

ملتان۔12دسمبر (اے پی پی):انگلینڈ نے پاکستان کو ملتان ٹیسٹ میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔انگلش ٹیم نے 22 سال بعد پاکستان کے خلاف اسکی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتی ہے جبکہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم کے خلاف لگاتار دو ٹیسٹ میچز جیتے ہیں۔ گرین شرٹس 355 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب 328رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ پاکستان کو فتح نہ دلا سکے ۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کا فیصلہ چوتھے روز چائے کے وقفے سے قبل ہی ہوگیا۔ہیری بروک کو دوسری اننگز میں شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے چوتھے روز پاکستان کو جیتنے کے لیے مزید 157رنز اور انگلینڈ کو 6وکٹیں درکار تھی ۔ پاکستان ٹیم نے پیر کو چوتھے روز اپنی دوسری ادھوری اننگز کا آغاز 198 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر کیا تو ، سعود شکیل 54اور فہیم اشرف 3 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔فہیم اشرف 10 رنز بناکر جوروٹ کی گیند پر زیک کرالی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

محمد نواز اور سعود شکیل نے قومی ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا ،لیکن 45انفرادی رنز بناکر محمد نواز بھی مارک ووڈ کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔اس موقع پر سعود شکیل کی عمدہ اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 94 رنز بناکر مارک ووڈ کی گیند پر اولی پاپ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ابرار احمد 17 رنزبناکر آئوٹ ہوگئے ، زاہد محمود اور محمد علی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔برطانوی بائولرز نے پہلے میچ کی طرح دوسرے میچ میں بھی شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 355 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی پاکستان کی پوری ٹیم کو 328رنز پر آئوٹ کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ پاکستان کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ نے دوسری اننگز میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے 4 ،جیمز اینڈرسن اور اولی رابنسن نے دو، دو جبکہ جیک لیچ اور جو رئوٹ نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہیری بروک کو دوسری اننگز میں شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔