ملتان۔ 26 فروری (اے پی پی):ملتان پولیس تھانہ شاہ شمس نے رنگیل پور سے اغوا ہونے والے تین سالہ بچے عبید رضا کو بحفاظت بازیاب کرکے اغوا کار ملزم کو گرفتار کر لیا۔
سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے بچے کو والدین کے حوالے کیا، بچے کی بازیابی پر والدین نے سی پی او ملتان اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ دو روز قبل بچے کے والد اسد شفیق نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کا بچہ عبید رضا جس کی عمر 3سال ہے گھر سے باہر نکلا اور ابھی تک واپس نہ آیا ۔والد نے رپورٹ میں اغوا کے خدشے کا اظہار بھی کیا۔
جس پر مقدمہ نمبر 557/25 بجرم 363 تھانہ شاہ شمس میں درج کیا گیا ۔پولیس ٹیموں نے سی سی ٹی وی فوٹیج، سوشل میڈیا، اور تکنیکی وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ملزم سلمان ولد فاروق قوم خان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی جانب سے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566888