ملتان پولیس کے زیراہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سےسیمینارکا انعقاد

161

ملتان۔ 23 دسمبر (اے پی پی):پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں ہفتہ کے روزمذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پرسیمینارکا انعقاد کیا گیا۔جس میں مذہبی سکالرز،علماء،مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان واساتذہ،زیرتربیت پولیس افسران واہلکاروں نے شرکت کی۔سیمینارسے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ ڈاکٹرعبدالقدوس،چیف ایگزیٹوآفیسرالقرآن انسٹیٹیوٹ ملتان مہوش چوہدری اور رکن مجلس مشاورت فیضان مدینہ ملتان حافظ ریحان عطاری اوردیگر نے خطاب کیا۔

شرکاء نے خیالات کا اظہارکر تے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان اورانسانی تہذیب کی بنیاد عالمگیریت پر رکھی ہے،تمام انبیاء کرام اپنے اپنے دور میں اپنی امتوں کواتحاد واتفاق اورباہمی اخوت ومحبت کا درس دیتے رہے،تمام انبیاء کرام نے اپنی سیرت مبارکہ اوراپنے طرزِعمل سےمذہبی ہم آہنگی کے ماحول کو فروغ دیا۔اوراس کی معاشرتی اہمیت کو اجاگر کرتے رہے۔

مذہبی دہشت گردی اورتنگ نظری ہردورمیں معاشرتی فتنہ وفساد کا سبب بنتی رہی ہے،انسانی معاشرہ مذہبی ہم آہنگی کے زریں اصولوں کی مضبوط بنیاد پرترقی کی منازل طے کرسکتاہے،آئین پاکستان اورتمام مروجہ قوانین اقلیتوں کے حقوق اورمذہبی آزادی کی ضمانت دیتے ہیں،محکمہ پولیس کا ان قوانین کی پاسداری اوران پرعمل درآمد کروانے میں اہم کردار ہےاس لئے محکمہ پولیس کے ہرممبرکا مذہبی تفریق سے بالا ترہوکراپنی ذمہ داریاں سرانجام دینا انتہائی ضروری ہے۔

کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان ڈیٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس گوہرمشتاق بھٹہ نےاظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری اوربین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے پولیس افسران کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے،اس سیمینارسےشرکاء کوسیکھنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے تمام مہمان مقررین اور زیرتربیت افسران کا شکریہ ادا کیا۔