ملتان۔ 06 ستمبر (اے پی پی):ملتان پولیس کا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک اور اہم اقدام،ڈولفن فورس کے جوانوں میں جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے لیس موبائل فونز تقسیم کر دیئے گئے۔ترجمان پولیس کے مطابق سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے یہاں پولیس لائنز میں جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے لیس موبائل فونز ڈولفن فورس کے جوانوں میں تقسیم کیے۔
اس اقدام کا مقصد پولیس کے ریسپانس ٹائم کو کم کرناہے،جرائم کی روک تھام کو مزید موثر بنانا ہے،موبائل فونز کی بدولت نیویگیشن سسٹم استعمال کر کے گوگل میپ کے ذریعے ڈولفن فورس کے جوانوں کو کسی بھی واردات یا ہنگامی صورتحال کی جگہ پر بروقت پہنچنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی پی او صادق علی نے کہا کہ عوام کی حفاظت میں بہتری لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے،موبائل فونز کی فراہمی سے ڈولفن فورس کی وقوعہ پر بروقت پہنچنے کی صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ کرے گی اور جرائم پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
صادق علی ڈوگر نے کہا کہ موبائل فونز جدید ترین نیویگیشن سسٹم سے لیس ہیں،جس سے ڈولفن فورس کے جوانوں کو کسی بھی واردات کی صحیح اور بروقت معلومات ملیں گی اور وہ فوری طور پر جائے وقوعہ تک پہنچ سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ جرائم کے خلاف پولیس کا ردعمل بھی تیز ہوگا،ملتان پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے اپنے وژن کے تحت یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ ڈولفن فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے بہترین حکمت عملی اختیار کر کے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیساتھ جرائم پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔