ملکہ کوہسار مری میں کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا، ملازمین کی چھٹیاں منسوخ

97

راولپنڈی۔ 07 مئی (اے پی پی):بھارتی جارحیت کے بعد ملکہ کوہسار مری میں کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ضلع کی دونوں تحصیلوں میں کنٹرول روم ں و فعال کر دیا گیا۔ کنٹرول روم جناح ہال مری اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں کے دفتر میں قائم کیے گئے ہیں، کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے۔ دوسری جانب حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر کے سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا کہنا ہے کہ بھارتی بزدلانہ حملہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،بھارتی جارحیت کے بعد سینٹرل کنٹرول روم مری کی ڈیوٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اے سی آفس کوٹلی ستیاں میں بھی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مری کے تمام سرکاری اداروں کے افسران و اہلکار اپنا فون 24 گھنٹے آن رکھیں گے،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں وقت ضائع کیے بغیر سینٹرل کنٹرول روم مری کے ساتھ رابطہ اور انفارمیشن شیئر کریں گے۔