فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے سابق صدر اورآل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے سابق چیئر مین چوہدری محمد نواز نے کہا ہےکہ ملکی اقتصادی ترقی کےلئے جب تک معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم نہیں ہوں گی تب تک ملک ترقی نہیں کرسکے گا،ہمیں اپنی برآمدات بڑھانے کی طرف بھی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
سوتر منڈی کی بزنس کمیونٹی اور پاورلومز سیکٹر کے وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ سوتر منڈی میں دھاگے کی خرید و فروخت پر ہونے والی سٹہ بازی پر مکمل پابندی لگاناہوگی کیونکہ اس اقدام سے جہاں سوتر کے نرخوں میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے وہیں اس سے تیار ہونے والی مصنوعات کی پیداواری لاگت بھی بڑھ رہی ہے جس کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ، اگر سٹہ بازی روک دی جائے تو دھاگے کے نرخوں میں کمی یقینی ہوجا ئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سوتر منڈی میں جاری سٹہ بازی کا رجحان پاور لومز انڈسٹری کےلئے زہر قاتل ہے اس لئے اس کا فوری تدارک کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگربرآمدات بڑھالی جائیں تو معاشی استحکام بھی یقینی ہوجائے گا۔