ملکی آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی طلب میں بھی اضافہ ہواے، حکومت کسی بھی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیارہے، وفاقی وزیر شفقت محمود کا تقریب سے خطاب

106
ملکی آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی طلب میں بھی اضافہ ہواے، حکومت کسی بھی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیارہے، وفاقی وزیر شفقت محمود کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملکی آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں کی طلب میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، حکومت کسی بھی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیارہے۔

منگل کو پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے ایم ڈی کیٹ اور این ایل ای ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ اور این ایل ای کی ہم سب بھرپور حمایت کرتے ہیں، اس سے میڈیکل کی تعلیم میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ علم کی بنیاد کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نصاب دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق ہونا چاہئے جس میں جدید تحقیق شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارا نصاب وقت کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہوتا علم کے میدان میں ترقی کرنا سست ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے،

کورونا کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ایک سال امتحانات بھی نہیں ہو سکے لیکن دوسرے سال ہم نے طلبا کو بہت سی سہولتیں دیں لیکن یہ کہا کہ اس مرتبہ امتحانا ت ضرور ہوں گے، ہمیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ان چیزوں سے یہ ثابت ہوا کہ حقیقی تبدیلی لانا آسان کام نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے ایم ڈی کیٹ اور این ایل ای کے اجراء پر پی ایم سی کو مبارکباد دی۔