ملکی برآمدات میں سات ماہ کے دوران 5.53 فیصد اضافہ ہوا، شماریات بیورو

54
ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 9.95 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 41.90 فیصد کا اضافہ

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):جاری مالی سال کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 5.53 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں جولائی تا جنوری 2020-21 کے دوران ملک کی مجموعی برآمدات 14.242 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران پاکستان نے برآمدات کے ذریعے 13.496 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 74 کروڑ 60 لاکھ ڈالر یعنی 5.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسی عرصہ کے دوران درآمدات میں بھی 6.92 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں درآمدات کا حجم 27.316 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 29.205 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ پی بی ایس کے مطابق جنوری 2020 کے مقابلہ میں جنوری 2021 کے دوران ملکی برآمدات میں 8.11 فیصد اضافہ ہوا ہے اور برآمدات کی مالیت 1.972 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.132 ارب ڈالر تک بڑھ گئی۔ اسی طرح اس عرصہ کے دوران مجموعی درآمدات بھی 14.85 فیصد اضافہ سے 4.121 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 4.733 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2020 کے مقابلہ میں جنوری 2021 کے دوران ملکی برآمدات میں 9.89 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور برآمدات کا حجم 2.366 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.132 ارب ڈالر تک کم ہوئی ہے۔