اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) فروری 2020ء کے دروان قومی برآمدات میں 8.19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق فروری 2020ء میں برآمدات کا حجم 2.14 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ جنوری 2020ء کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 1.98 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح جنوری 2020ء کے مقابلہ میں فروری 2020ء کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات میں 16 ملین ڈالر یعنی 8 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق فروری 2019ء کے مقابلہ میں فروری 2020ء کے دوران برآمدات میں 13.76 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فروری 2019ء کے دوران پاکستان کی برآمدات 2.14 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔قومی برآمدات میں اضافہ کا بنیادی سبب سبزیوں کی فروخت میں ہونے والا دوگنا اضافہ ہے۔ پی بی ایس کے مطابق فروری 2020 کے دوران پھلوں کی برآمدات میں 55.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹیکسٹائلز کی پانچ مختلف مصنوعات بشمول تیار ملبوسات کی برآمدات میں 29.8 فیصد، نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 33.95، بیڈ ویئرز 30.66 فیصد، سوتی کپڑے کی برآمدات میں 19.79 فیصد اور تولیہ کی برآمدات میں 26.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 2019-20ء کے دوران مجموعی ملکی برآمدات میں 3.62 فیصد کے اضافہ سے برآمدات کا حجم 15.1 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 15.643 ارب ڈالر تک بڑھ گیا۔