ملکی بقاکا انحصار سیاسی استحکام اور مضبوط معیشت پر ہے، میاں کاشف اشفاق

75
Mian Kashif Ashfaq
اسلام آباد۔31جولائی  (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی بقاکا انحصار صرف سیاسی استحکام اور مضبوط معیشت پر ہوتا ہے۔
اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں، بجلی، گیس کے نرخوں، شرح سود اور مہنگائی کے تناظر میں کارپوریٹ سیکٹر، تاجروں اور کاروباری برادری کو درپیش بڑھتے ہوئے معاشی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تشویش ناک صورتحال تمام سیاسی جماعتوں کی فوری توجہ کی متقاضی ہے کہ وہ کم از کم بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کے ایک نکاتی ایجنڈے پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اس کا ایک قابل عمل حل تلاش کریں کہ قومی معیشت کو کس طرح موجودہ بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جب بھی قومی مفادات کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو اپوزیشن ہمیشہ حکمران جماعت کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھاتی ہے۔ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو بھی ملک کو سیاسی عدم استحکام اور سنگین معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اسی اعلیٰ ترین جذبے، ذمہ دارانہ سوچ اور اپنے رویے میں لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پورا پاکستان سیاسی جماعتوں کی طرف دیکھ رہا ہے کہ وہ اس نازک موڑ پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور قومی مفاد کی خاطر اپنے چھوٹے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی جذبے کے ساتھ عوام کی توقعات پر پورا اتریں اور ملک و قوم کو اس نازک صورتحال سے باہر نکالیں۔