25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںملکی ترقی میں نوجوانوں کو بھر پورکردارادا کرنا ہوگا،تعلیم یافتہ نوجوان دنیا...

ملکی ترقی میں نوجوانوں کو بھر پورکردارادا کرنا ہوگا،تعلیم یافتہ نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کی آواز بنیں،رانامشہود احمد خان

- Advertisement -

لاہور۔30اگست (اے پی پی):چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام (سی پی ایم یو پی )رانامشہود احمد خان نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی میں نوجوانوں کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا،وزیر اعظم محمد شہبار شریف نے دن رات محنت کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ،ہندوستان پاکستان مخالف بیانیہ چلارہا ہے،نوجوانوں کو خود مختار بنانا ہمارا مشن ہے،تعلیم یافتہ نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کی آواز بنیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یہاں قذافی سٹیڈیم میں ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رانامشہود احمد خان نے کہاکہ پاکستان کی ترقی یافتہ ممالک سے ایڈ نہیں تجارت کرنا اولین ترجیح ہے، حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر پاکستان دوسرے ممالک سے امداد نہیں بلکہ یہاں پر مختلف شعبوں میں پیسہ لگانے اور سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے جب گیارہ ماہ کی حکومت سنبھالی تو ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب اور پاکستان بحرانوں سے دوچار تھا لیکن اس وقت کی اتحادی حکومت نے اپنی باصلاحیت ٹیم کے ہمراہ پاکستان کو نہ صرف ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ ملک کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کےلئے موثر اقدامات کئے۔انہوں نے کہاکہ اگر خدانخواستہ ہم بھی دیوالیہ ہو جاتے تو ہمارا حال بھی سری لنکا جیسا ہوتا ، پاکستان مخالف جوبیانیہ چلایا جا رہا ہے اس میں انڈیا کا کردار ہوتا ہے۔

- Advertisement -

چیئرمین پی ایم یو پی نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن اورمہنگائی میں نمایاں کمی آ چکی ہے ،عام آ دمی کی زندگی خوشحال اوردنیا آج پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، ہر ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو تیا ر ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے حالیہ سیلاب کے دوران خیبر پختونواہ، سندھ اور پنجاب کے دورے کئے اور دیکھا کہ وہاں پر ہمارے لوگوں میں ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے حوالے سے ٹریننگ ہی نہیں تھی تو حکومت نے پہلی نیشنل والنٹیئر کور بنانے کا فیصلہ کیا، اس میں آئندہ تین سال میں20 لاکھ بچے وبچیوں کو ٹریننگز دلوائیں گے اور ہر سال اس کی تعداد بڑھاتے جائیں گے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لئے یہ نوجوان متاثرین کی مدد کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پی ٹی آئی نے اپنے چار سالہ دور میں بحرانوں میں دھکیلا ، معیشت کے ساتھ کھلواڑ،دوست ممالک کو ناراض اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کو کمزور کیا ،مخالفین کی پگڑیاں اچھالیں اور انہیں جیلوں میں ڈالا اس کے علاوہ ان پر جھوٹے مقدمات درج کروائے ۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کو خودمختار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے،ان بچوں کے متعلق پتہ کریں جن کے پاس آگے بڑھنے کےلئے ذرائع نہیں ،تندور پر روٹیاں لگانے والا بچہ امتحان میں ٹاپ کر جاتا ہے، حکومت نوجوانوں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کےلئے انٹرسٹ فری لون دے ر ہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گرین یوتھ موومنٹ کے نام سے پروگرام شروع کیاجس میں تمام یونیورسٹیز کے اندر گرین یوتھ موومنٹ کے نام سے کلبز بنائے جائیں گے ، بچے اور بچیاں ان کو جوائن اور دنیا بھر میں پاکستان کی وکالت کریں ۔رانا مشہود نے کہا کہ نوجوانوں کےلئے کھیل سمیت مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کررہے ہیں ، ارشد ندیم کو اولمپیئن بنانے کےلئے حکومت نے کثیر اخراجا ت کئے ، بیماری کی صورت میں اسے بہترین طبی سہولیات فراہم کیں، بیرن ملک ٹریننگ کروائی اور غیر ملکی گیمز میں حصہ دلوایا۔

رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے بچوں کو تعلیم دے رہا ہے اور اگلے فیز میں مزید طالبعلموں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دیں گے ، محمد نواز شریف کے دور حکومت میں بوسینیا کے بچوں کو بھی تعلیم کے مواقع مہیا کیے اور وہ آج تک ہمیں یاد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہمیں فخر ہے کہ ہم نے یوتھ پر بہت کام کیا ،جن بچوں کو ہم نے لیپ ٹاپ دیئے وہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں ، تعلیم کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی2013 کی حکومت کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا لیکن ہماری پالیسی کو 2018 میں بننے والی حکومت نے ختم کر دیا ،پاکستان ترقی تب کرے گا جب ہم حقیقت کو سمجھیں گے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں