اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا ہے کے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے زراعت میں تحقیق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانا اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجمعہ کو این اے آر سی میں عالمی یوم خوراک کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کے میکانایزیشن کے بغیر ہم جاپان اور چین کی طرح ترقی نہیں کر سکتے، ہمیں ان ممالک کے تجربات سے استفادہ کر کے آگے بڑھنا ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے کے لئے مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے ،ہمیں زرعی شعبہ کو بتدریج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کے کاروباری طبقہ خواتین کو نوکریاں دے کر شمولیت بڑھائے تا کہ ان کی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لئے بروئے کار لایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ،ہمیں ٹیکنالوجی دنیا کے ہر کونے سے پاکستان لانی چاہئے ۔
انہوں نے کہا پاکستان آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں آگے بڑھ رہا ہے، ہیومن ریسورس کو عالمی لیول پر لانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں دولت کی غیر منصفانہ تقسیم سے تناؤ کی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ،معاشرے کی فلاح کیلئے زرعی تحقیق کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دولت کی پیداوار اور تقسیم کا ہمدردی کی بنیاد پر نظام تشکیل دینے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بنیادی صنعت کو فروغ دینا چاہئے جس میں ایگرو اکانومی کو ترجیح بنیادوں پر ترقی دی جائے، ریاست اور معاشرے کی طاقت میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔محنت سے دولت میں اضافہ گناہ نہیں، کرپشن معاشرے کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو اگریکلچرل میں استعمال کرنا چاہئے جس سے اس شعبہ کی ترقی میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ۔