ملتان۔22فروری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ ملکی ترقی کے لئے بے سہارااورمحروم بچوں کوتعلیم کی فراہمی ناگزیر ہے ، تعلیم کے ساتھ ان بچوں کو ہنرسکھانے اوران کی نشوونماکے لئے مناسب خوراک کی فراہمی کو بھی یقینی بنانا ہوگا، اجتماعی کوششوں سے پاکستان کی ترقی میں مزید بہتری لاسکتے ہیں ۔ان خیالات کااظہار خاتون اول نے بدھ کویہاں”تارے زمین پر“ایجوکیشنل سنٹرکے افتتاح کے مو قع پرکیا۔بیگم ثمینہ علوی نے کہاکہ تارے زمین پرٹرسٹ محروم بچوں خصوصاًجھگیوں میں رہنے والوں کے لئے کام کررہاہے ،”تارے زمین پر“کے نئے ایجوکیشنل سنٹرکے آغازپرٹرسٹ کی ٹیم، بچوں اوران کے والدین کو مبارک باد پیش کرتی ہوں ۔
انہوں نے کہاکہ’’تارے زمین پر‘‘ٹرسٹ بے گھر افراد کاسہارابن رہاہے اوران کو چھت کی فراہمی کے لئے کام کررہا ہے ،ٹرسٹ 250بچوں کی تعلیم اور 29خاندانوں کوگھرفراہم کرنے کے علاوہ ضرورت مند لوگوں کوماہانہ راشن اور ہسپتالوں میں کھانا فراہم کرکے نیک کام میں حصہ لے رہاہے،ان خاندانوں کے 200سے زیادہ بچے پہلے سے زیرتعلیم ہیں اب اس میں مزید 36خاندانوں کااضافہ ہواہے ،یہ بات قابل تعریف ہے کہ آپ ان لوگوں کے لئے نہ صرف رہائش بلکہ ان کے بچوں کی تعلیم کابندوبست بھی کررہے ہیں ۔آپ نے بے گھر اوربے روز گار افراد کے لئے 36گھر بنانے کاجومشن شروع کیاہے وہ اس معاشرے میں بہتری لانے کے لئے ایک اچھی کوشش ہے ۔اللہ تعالیٰ انہیں اس نیک کام کے لئے اجرعظیم عطاءکرے ۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ محروم بچوں کے لئے صاحب استطاعت لوگ جتناخرچ کرسکتے ہیں کریں، سب سے گزارش کرتی ہوں کہ غورکریں کہ ہم اپنے معاشرے میں پسماندہ بچوں کی مددکے لئے کیاکرسکتے ہیں،میں تمام فلاحی تنظیموں اورمعاشرے کے خوشحال اورصاحب ثروت افرادسے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اپنا وقت اوروسائل ان بچوں کی فلاح کے لئے عطیہ کریں،اگرہم میں سے کوئی تھوڑی تھوڑی بھی مددکرتاہے تواس سے ان بچوں کی زندگی پربہت مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ محروم بچوں کوتعلیم سے آگاہی دینی چاہیے اوران کے لئے تعلیم کی فراہمی یقینی بناناہوگی جبکہ خواتین کوبااختیاربناناہوگا۔ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ ملک میں ذہنی صحت کے بہت سے مسائل ہیں اس پرکام کرنے کی ضرورت ہے ،ہمارے ہاں چوبیس فیصدلوگ ذہنی دبائو کا شکارہیں ،پورے ملک میں 400سے 500 ماہرنفسیات ہیں، ہم سب کومل کر ذہنی دبائو کے مسائل کے حل کے لئے کام کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان میں مزید بہتری لاسکتے ہیں ۔
بیگم ثمینہ عارف علوی نے ٹرسٹ کے زیراہتمام ناداربچوں اوربیوائوں کوچھت فراہم کرنے کے لئے تعمیر کئے جانے والے دارا لسکون شیلٹرہومزفیز ٹوکاسنگ بنیاد بھی رکھا ۔اس موقع پرتارے زمین پرٹرسٹ کے بانی کاشف ریاض اورچیف ایگزیکٹوآفیسرفادیہ کاشف بھی موجودتھیں ۔