ملکی ترقی کے لئے خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے ، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق

163
Federal Minister for Human Rights
Federal Minister for Human Rights

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے ،مہذب معاشرے کے قیام کے لیے ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں صنفی تشدد کے خاتمے کے لیے عالمی مہم کے سلسلہ میں ویمن ویلفیر سینٹر وزارت انسانی حقوق حکومت پاکستان اسلام آباد، کریسنٹ لائنز کلب اور گلوبل پیس اینڈ ہارمونی لندن،پاکستان کے زیر اہتمام خواتین پر تشدد اور مظالم کی روک تھام کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ممتاز ماہر سماجیات افتخار احمد کنٹری ہیڈ گلوبل پیس اینڈ ہارمونی لندن ممتاز ماہر تعلیم و بیوروکریٹ ڈاکٹر تنویر کیانی مہمان اعزاز تھیں جبکہ بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان، عصمت آفریدی سربراہ وومن ویلفیئر سینٹر اسلام آباد، روبینہ فرید چیئرمین شیلٹر ہومز وزارت انسانی حقوق، سبطین رضا لودھی فائونڈر/سیکرٹری ائی سی ایل سی، حسیب کیانی سی ای او پاک ایڈز، شبانہ نواز ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر وزارت انسانی حقوق حکومت پاکستان سمیت دیگر مقررین میں شامل تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین پر تشدد ناہموار رویے اور مردانہ بالادستی کی ناکام کوشش ہے، ہمیں اس بات کو سمجھنا چاہئے کہ عورت کو طاقت سے نہیں بلکہ محبت سے جیتا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بروقت انصاف کسی بھی ملک کو تشدد سے پاک کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہذب معاشرے کے قیام کے لیے ہر قسم کے تشدد کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

دیگر مقررین نے کہا کہ ہنر مند خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں ، آج کی عورت اگر ملکی ترقی کے لیے مرد وں کے شانہ بشانہ گراں قدر خدمات انجام دینا چاہتی ہے تو اسے پورا حق حاصل ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔