ملکی ترقی کے لئے نوجوان نسل کو انٹرپرینیورشپ کی جانب راغب کرنا ہوگا، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

63
ملکی ترقی کے لئے نوجوان نسل کو انٹرپرینیورشپ کی جانب راغب کرنا ہوگا، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، انہیں اپنی چھپی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں،ملک کی ترقی کے لئے نوجوان نسل کو انٹرپرینیورشپ کی جانب راغب کرنا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرپرینیورشپ کی سرگرمیوں میں بہترین برنس آئیڈیاز پیش کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات اور اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ سکلز اور علمی معیشت کا دور ہے، ہمارے ارد گردکے ممالک نے استعمال شدہ پلاسٹک کا حیرت انگیز استعمال کرکے قیمتی اشیاء بنائیں جس سے ان کی معیشت بہتر ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سکلز ہیں،انوویشن کے لئے سوچ کی ضرورت ہے۔

آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن(اورک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد لطیف گوندل نے اورک آفس کی خدمات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’بڑے آئیڈیاز مقابلہ 2021ء ‘‘کے لئے 100درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 18طلبہ کو شارٹ لسٹ کیا گیا، پانچ طلبہ کے آئیڈیاز کو بہترین کاروباری آئیڈیازقرار دیا گیاجن کو آج انعامات دئیے جارہے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ریسرچ، ڈاکٹر صائمہ ناصر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھیں۔