ملکی ترقی کے لیے نوجوان کاروباری افراد کو تربیت، رہنمائی اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے‘ صدر عارف علوی

76

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے نوجوان کاروباری افراد کو مناسب تربیت ، سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط اور ضروری رہنمائی کے ذریعے معاونت اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کاروباری افراد کے پاکستان کی خوشحالی میں کردار کو فروغ دینے کے لیے درست پالیسیاں تشکیل دی گئی ہیں، حکومت کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر کاروباری قرض فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر پاکستان (این آئی سی) کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا۔

سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام محمد سہیل راجپوت ، سی ای او اگنیٹ عاصم شہریار ، چیف ڈیجیٹل آفیسر جاز عامر اعجاز ، پروجیکٹ ڈائریکٹر این آئی سی اسلام آباد پرویز عباسی ، این آئی ٹی بی کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان کو نوجوانوں کی بڑی تعداد سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں جدید آئی ٹی پر مبنی مہارتوں سے آراستہ کیا جاسکے اور ملک میں کاروباری دوستانہ ماحول بنایا جا سکے۔ انہوں نے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے بالخصوص سائبرسیکیوریٹی اور سائبر ڈیفنس میں تربیت دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی اور چوتھے صنعتی انقلاب کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے سمارٹ اور ڈیٹا پر مبنی فیصلے کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ قبل ازیں صدر مملکت کو نیشنل انکیوبیشن سنٹر (این آئی سی) کے مختلف منصوبوں اور کارکردگی کے بارے میں بریف کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ این آئی سی باصلاحیت تاجروں کو ان کے جدید آئیڈیاز کو پائیدار کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم اور مطلوبہ مدد فراہم کر رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران این آئی سی اسلام آباد نے 230 اسٹارٹ اپس لگائے ہیں جن سے تقریبا 2 2 ارب روپے کی آمدنی ہوئی ہے ، اس کے علاوہ 11 ہزار سے زیادہ نوکریاں بھی پیدا ہوئی ہیں۔ صدر مملکت نے ملک میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے خاص طور پر خواتین اور خصوصی افراد کو این آئی سی سٹارٹ اپس میں مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے این آئی سی کی کوششوں کو سراہا۔