نارووال۔09 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وپلاننگ پروفیسراحسن اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم کافروغ ہماری اولین ترجیح ہے،ضلع نارووال کی بچیوں کوتعلیم کےبہترین مواقع فراہم کیے ہیں، ملک کی ترقی تعلیم سے وابستہ ہے،دھرنوں سے نہیں، سوشل میڈیا نے جھوٹ کی بنیاد رکھ دی ہے جس سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ زینب بی بی حمیدہ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین تلونڈی بھنڈراں میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر پروفیسراحسن اقبال نے کہا کہ علم ایک ایسا زیور ہے جسے کوئی چرا نہیں سکتا، معاشرے کا وجود تعلیم سے ہی ہے، اس کے بغیر دنیابھرکے چیلنجز کامقابلہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع نارووال میں 70فیصدتعمیراتی کام تعلیم پر ہورہاہے،تعلیم اورتربیت لازم وملزوم ہیں،اساتذہ کی ذمہ داری ہےکہ وہ بچوں کی بہترتعلیم وتربیت کے لیے اپناکردار اداکریں، ملک کی ترقی تعلیم سے وابستہ ہے،دھرنوں سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے جھوٹ کی بنیاد رکھ دی ہے جس سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے،سیاست ٹک ٹاک کانام نہیں بلکہ عملی طورپر خدمت کانام ہے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہی عوام کی خدمت کرناہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ضلع نارووال کاشمار اس وقت پاکستان میں بہترین ترقی یافتہ اضلاع میں ہوتاہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیاجاسکتا،حکومت خواتین کومیدان عمل میں لانے کے اپنے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی ذہن سازی کرنا انتہائی ناگریزہے،اساتذہ طلباء طالبات کی ذہن سازی کریں اوربچوں کی بنیادوں کو مضبوط کریں،کالج ایک زینہ ہےجس سے کامیاب زندگی کاآغازہوتاہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موبائل فون کابےدریغ استعمال نقصان دہ بھی ہوسکتاہے،موجودہ دور بڑا پرآشوب ہے،اس کا ہمیں مقابلہ کرناہے۔