32.1 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومقومی خبریںملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،مسلح افواج نے...

ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،رانا مشہود احمد خان

- Advertisement -

لاہور۔23مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے ،حکومت نے مشکل فیصلے کر کے ملکی معیشت کو سنھبالا ،پاکستان میں سرمایہ کار ی کیلئے ماحول ساز گار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایکسپو سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے آ پریشن ”بنیان مرصوص” کے ذریعے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے ، پاک افواج نے بھارتی فوج کو ناکوں چنے چبوا کر ایک تاریخ رقم کر دی جس سے دنیا بھر میں پاکستانی افواج کا مورال بلند ہوا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ،جس طرح پاکستانی افواج نے بھارت کو بری طرح شکست دے کر پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اسی طرح پاکستان آئی ٹی کے میدان میں بھی صلاحیتوں سے مالا مال ہے ،پاکستانی طلبہ نے پاک بھارت جنگ کے دوران بہترین ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے بھارت کے دفاعی سسٹم کو تباہ کر دیاجس سے یہ ثابت ہوا کہ پاکستان نہ صرف دفاعی بلکہ ٹیکنالوجی کے اعتبار سے بھی انڈیا سے آ گے ہے ۔

- Advertisement -

رانا مشہود نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ سوچ اور ان کی باصلاحیت ٹیم کی بدولت پاکستان دن دگنی و رات چوگنی ترقی کر رہا ہے ،ملکی معیشت میں استحکام آ چکا اور مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ،نوجوانوں کے لئے روز گار کے وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں،سٹاک مارکیٹ بلندیوں کو چھو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں سرمایہ کار ی کے لئے ایک پسندیدہ ملک بن چکا اور سرمایہ کاری کیلئے پاکستان میں ماحول ساز گار ہے،حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچانے کیلئے ہر قسم کے وسائل بروئے کار لا رہی ہے،سو لر کاروبار کرنے والی کمپنیاں اور سٹیک ہولڈر ز کا اس وقت یہاں پر اکٹھے ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان میں ہر قسم کی سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین ملک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف وفاق میں جبکہ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ،پنجاب میں ماضی کی حکومت کے چارسال میں اتنی ترقی و خوشحالی نہیں دیکھی گئی جتنی آج وزیر اعلی مریم نواز کے ایک سالہ دور میں نظر آ رہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں،ملک کا دفاعی نظام مضبوط ہو گا تو کوئی دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلتیوں بلخصوص مسلمانوں سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان ایک امن پسند ملک اور ہمیشہ سے امن کا داعی رہا ہے ،پاکستان نے کبھی بھی جارحیت کی بات نہیں کی بلکہ خطے میں امن کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کو شش کی گئی تو پاکستانی قوم اپنا دفاع کرنے کا حق رکھتی ہے جس کیلئے ہمیں کوئی بھی قربانی دینی پڑی تو ہم دریغ نہیں کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی جماعت اور اسے عوام کے بنیادی مسائل کا ادراک ہے ، آنے والے دنوں میں حکومت عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جس طرح عام آدمی پر بجلی بلوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے، اسی طرح عوام کے دیگر مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والا بجٹ عوام کے لئے خوشحالی لے کر آ ئے گا، جیسے جیسے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا ،اس کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں گے ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600660

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں