اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کے لئے خندہ پیشانی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، سیاستدانوں کو پالیسی سازی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ وہ پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی سے روکنے کے لئے دونوں اطراف سے کوشش ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دو صوبوں میں سکیورٹی کی صورتحال تشویشناک ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نائن الیون کےبعد پاکستان نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ بنا،دہشت گردی کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا تشخص مجروح ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور ریاست کو اعتماد میں لیکر میں خود افغانستان گیا ، ایک ہفتہ افغانستان میں گزار اور وہاں انہیں قائل کرنے کے لئے کوششیں بروئے کار لائیں ۔انہوں نے کہا کہ امن کی طرف بڑھنا ہماری شناخت ہونی چاہیے ۔