اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ملکی سطح پر تیاری کے بعد ہم 2 سال بعد انٹرنیشنل یونیورسٹی اولمپیاڈ منعقد کرائیں گے۔ جیت کا جشن منانے کے ساتھ ہار کو بھی خوش دلی سے برداشت کرنا سیکھنا ہوگا۔ وہ جمعرات کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں یونیورسٹی اولمپیاڈ کے دوسرے دن شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارنہ تربیت، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے تعاون سے ایک کامیاب یونیورسٹی اولمپیاڈ منعقد کرسکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم سے 2 سال کی مہلت مانگی ہے کہ ہمیں قومی سطح پر یہ ایونٹ منعقد کر نے دیں اسکے بعد ہم پاکستان میں انٹرنیشنل یونیورسٹی اولمپیاڈ منعقد کرائیں گے جس میں دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کے طالب علم شریک ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تمام یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایک قوم ہیں ، کھیلوں کے میدان بھی ہم نے سجا رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 ملین آبادی والا ملک ہنگری پاکستان کو سالانہ 400سکالرشپ فراہم کرتا ہے ،یہ سوچنے کی بات ہے کہ آج 76 سال کے بعد ہم کہاں کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نئی نسل کو تعلیم فراہم کرتے رہے لیکن ان کی کردار سازی اور کھیلوں کی تربیت میں شعبے میں پیچھے رہ گئے تھے لیکن ایچ ای سی کی کوششیں رنگ لے آئیں ہیں ،آج پاکستان وویمن کرکٹ ٹیم ،ہاکی ٹیم سمیت متعدد کھیلوں کی ٹیموں میں ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء شامل ہوئے ہیں۔چیئرمیں ایچ ای سی نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے زریعے ہم نئی نسل کو اتحاد،یکجہتی پیغام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جیسے جیت پر جشن مناتے ہیں ایسے ہی اپنی ہار کو بھی خوش اسلوبی سے برداشت کرنا چاہیے ۔