ملکی سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے، پی ٹی آئی چیئرمین اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، وزیراعظم

193

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ملکی سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے، پی ٹی آئی چیئرمین اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی چیئرمین اور دیگر زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، وفاقی حکومت پنجاب حکومت کو سکیورٹی اور تفتیش کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ملکی سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔