اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ملکی صنعتوں کو 100 فیصد پیداواری صلاحیت پر چلانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مارگلہ ڈائیلاگ 2023 سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت برآمدات کو 36 ارب ڈالر تک لے جانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس ضمن میں حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جس کے ثمرات جلد حاصل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی ترقی کے لیے علاقائی تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے وزارت تجارت نجی شعبے کی بھرپور مدد کررہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ سب کو آگے بڑھ کر اپنے حصے کا ٹیکس ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ کرنسی ڈیلرز ڈالر پر بھاری منافع کما رہے تھے جس کی وجہ سے ڈالر مہنگا ہوا تاہم حکومت اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جامع اور موثر پالیسی کے باعث اب صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے اور آئندہ دنوں میں مزید بہتری کی جانب بڑھے گی ۔