ملکی معاشی استحکام کیلئے مختلف ممالک کیلئے نامزد ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرزکو بزنس کمیونٹی سے بھرپور تعاون کرنا ہوگا،صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس

94

فیصل آباد۔ 24 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے مختلف ممالک کیلئے نامزد ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرزکو بزنس کمیونٹی کے تعاون سے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے مختلف ممالک کیلئے نامزد 39ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف پیش کرتے ہوئے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ اس کے 9ہزار ممبرز ہیں جن کا تعلق کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس سے ہے جبکہ انتظامی معاملات کو 27رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کے ذریعے صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر چلاتے ہیں۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل پنجاب Iشہزاد احمد راجپوت نے کہا کہ 39ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ افسروں کو مختلف ملکوں میں تعینات کیا گیا ہے اِن میں مختلف گروپس کے علاوہ نجی شعبہ کے افراد بھی شامل ہیں، ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو بہتر بنائیں۔

انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے بتایا کہ صدر ڈاکٹر خرم طارق کی ویژن کے مطابق فیصل آباد کو سائبر آباد بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ فیصل آباد چیمبر اس سلسلہ میں آئی ٹی کے ہر سال فارغ التحصیل ہونے والے 40ہزار گریجویٹس کو پیداواری عمل کا حصہ بنانے کیلئے ایک منصوبے پر کام کر رہا ہے اس مقصد کیلئے بین الاقوامی اور ملکی فیکلٹی کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔

محمد اظہر چوہدری نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے بیرون ملک جانے کے خواہاں تاجروں کی سہولت کیلئے فیصل آباد چیمبر میں ٹریول ڈیسک قائم کر دیا گیا ہےتاہم خواہشمند ممبروں کو چاہیے کہ وہ کم از کم 60دن قبل بیرون ملک جانے کا پروگرام بنائیں۔آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عارف احسان ملک نے کہا کہ برآمد کنندگان کو تازہ ترین اعداد و شمار کی ضرورت ہے تاکہ وہ ان کی روشنی میں اپنی حکمت عملی طے کر سکیں۔

پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے کاشف ضیاء نے کہا کہ اگر ہر ٹی آئی او اپنے اپنے ملک سے صرف پانچ پانچ خریدار ہی پاکستان لے آئے تو پاکستان کی برآمدات کو کئی گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔

آخر میں صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ٹی ڈیپ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل رانا شہزاد احمد کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی جبکہ سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے ٹی ڈیپ فیصل آباد کی ڈائریکٹر محترمہ ناہید اختر کو چیمبر کی شیلڈ دی۔

نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مختلف ملکوں کیلئے نامزد ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ افسروں اور اِن ملکوں کو برآمد کرنے والے فیصل آباد چیمبر کے ممبران کے درمیان بی ٹو بی میٹنگ بھی ہوئی۔