18.8 C
Islamabad
اتوار, فروری 23, 2025
ہومقومی خبریںملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ، تمام شعبوں کو معیشت کے...

ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ، تمام شعبوں کو معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا،محمد اورنگزیب

- Advertisement -

لاہور۔23فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے معاشی استحکام آ چکا ہے، ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، سٹاک مارکیٹ اچھے مقام پر کھڑی ہے، معاشی اشاریے درست ہیں، کرنسی میں استحکام ہے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں فیصل بینک کی پہلے سپیشل اولمپکس یونیفائیڈ میراتھن کیلئے شراکت داری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ایف بی آر کی اصلاحات پر بھی کام جاری ہے، ٹیکس اتھارٹی میں اصلاحات لارہے ہیں تاکہ لوگوں کو ٹیکس دینے میں آسانی ہو، مینوفیکچرنگ انڈسٹری اور سیلری کلاس کے طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا ہے، تمام شعبوں کو معیشت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی مدبرانہ سوچ اوران کی باصلاحیت ٹیم کی وجہ سے ملک معاشی لحاظ سے آگے بڑھ رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہواہے، گروتھ کو تسلسل کیساتھ آگے لیکر جانا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں اب سٹہ بازی نہیں چلے گی، ہم اسے سپورٹ نہیں کریں گے، سعودی عرب، دبئی، واشنگٹن اور دیگر ممالک سے ہو کر آیا ہوں، مجھے کہیں بھی اوورسیز کی ناراضگی نظر نہیں آتی، ہم اوورسیز پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں، امید کرتے ہیں کہ رواں سال ترسیلات زر35ارب ڈالر کے قریب ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں بھی بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، اس سلسلہ میں حکومت جو کام کر رہی ہے وہ اپنی جگہ درست ہے، اصل کام پرائیویٹ سیکٹر کو کرنا ہے، حکومت ملکی ترقی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی ہرلحاظ سے سپورٹ کرے گی لہذا پرائیویٹ سیکٹر کو ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آگے آنا چاہئے۔

- Advertisement -

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہماری مکمل سپورٹ اوردعائیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، پاکستانی کرکٹ ٹیم پورے جوش و جذبے کے ساتھ جم کر کھیلے۔ اس موقع پر فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہاکہ لاہور کی خوشگوار فضا اور کھیلوں کا جذبہ اسے فیصل بینک ایس او پی یونیفائیڈ میراتھن کے لیے بہترین پس منظر فراہم کرتا ہے۔ یہ تقریب ثابت قدمی، شمولیت اور ٹیم ورک کے اقدار کی عکاسی کرتی ہے ۔ یہ وہ اصول ہیں جو فیصل بینک کے بنیادی نظریات سے گہری مطابقت رکھتے ہیں۔

اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے ہم ایک زیادہ متحد اور بااختیار معاشرے کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو دوہراتے ہیں۔ فیصل بینک مستقبل میں بھی ایسے پلیٹ فارمز سے تعاون جاری رکھے گا۔سپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے کہاکہ ہم فیصل بینک کے غیر متزلزل تعاون اور شراکت داری کے شکرگزار ہیں جس کی بدولت پہلی بار یونیفائیڈ میراتھن لاہور میں منعقد ہو رہی ہے۔ ہمارا مقصد یہ ظاہر کرنا ہے کہ شمولیت جغرافیائی حدود سے آزاد ہوتی ہے اور ٹیلنٹ کو قابلیت اور ہمدردی کی بنیاد پر ترجیح دیا جانا چاہئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565051

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں