اسلام آباد۔18اکتوبر (اےس پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، فیڈریشن کاروباری برادری کو کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرکے انہیں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔جمعہ کو چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق
یہ بات انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے کونسل ممبران، ایگزیکٹو ممبران اور ممبران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔عاطف اکرام شیخ نے شرکاکو آگاہ کیا کہ ایف پی پی سی آئی اور ایف بی آر دونوں نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، ٹیکس کے نظام کو آسان بنانے اور ٹیکس کلچر کی ترغیب دے کر ملکی معیشت کی بہتری کے لئے معقول ٹیکسیشن اصلاحاتی ایجنڈے پر تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک درست سمت میں گامزن ہے،
آئی پی پیز کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہونے جارہا ہے، شرح سود اور مہنگائی میں کمی آرہی ہے جو صنعت کی بحالی کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافے کے لئے بھی ضروری ہے ۔شنگھائی کوآپریشن کونسل (ایس سی او ) سربراہی اجلاس کے اہم فیصلوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے میگا ایونٹ میں کاروباری برادری کی بھرپور وکالت کی اور چین ۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا اگلا مرحلہ قومی معیشت کے لئے حقیقی گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ میں سنگل کرنسی کا نظام بھی زیر بحث آیا اور اگر اسے اپنایا گیا تو یہ تمام رکن ممالک کے فائدے کے لئے ایک طویل سفر طے کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کی طرز پر تھنک ٹینک کی تشکیل اور اس کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے چیمبر کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اپنے وژن کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے وسیع تر فائدے کے لئے انٹرپرینیور شپ کا فروغ، مہارتوں کی ترقی اور نتیجہ خیز تبادلے ان کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔انہوں نے امن و استحکام کو برقرار رکھنے، مہارت کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو علاقائی تجارت کی ترقی کے لئے بنیادی شرط قرار دیا
اور اس کے لئے ہر سطح پر تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک نے کمیونٹی کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی اور آئی سی سی آئی مل کر ان پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔سابق صدر خالد جاوید نے ایس سی او سربراہی اجلاس میں کمیونٹی کی مؤثر نمائندگی کرنے پر ایف پی سی سی آئی کے صدر کو سراہا۔سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی نے اپنے اظہار تشکر میں کہا کہ تاجر برادری تمام تر مشکلات کے باوجود ملک کی خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ تاجر رہنمائوں کی بڑی تعداد بشمول طارق جدون، وی پی ایف پی سی سی آئی، کریم عزیز ملک، انچارج کیپٹل آفس، ملک سہیل حسین، چیئرمین کوآرڈینیشن، سابق صدور آئی سی سی آئی زبیر احمد ملک، میاں اکرم فرید، خالد جاوید، اعجاز عباسی، شوکت مسعود، زاہد خان ،مقبول، محمد احمد کے ساتھ ساتھ چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران اسحاق سیال، ملک محسن خالد، آفتاب گجر، ذوالقرنین عباسی، وسیم چوہدری، عرفان چوہدری، طاہر ایوب اور آئی سی سی آئی کے ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514454