کوئٹہ ۔23جون (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کوئٹہ اسلام آباد ائیر سیال فلائیٹ آپریشن کا افتتاح کردیا ۔
تقریب کوئٹہ ائیرپورٹ پر ہوئی ۔تقریب سے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت مستحکم ہورہی ہے ۔ ٹیکس فری بجٹ منتخب حکومت کا بڑا کارنامہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وزیر اعظم کا عزم ہے ۔ بلوچستان کے جنوبی علاقوں کی ترقی کیلئے 640 ارب روپے سے کام کررہے ہیں ۔ سیاست سے بالاتر صرف ملک اور عوام کی بہتری کیلئے کام ہماری ترجیح ہے ۔
ڈپٹی سپیکر نے ائیر سیال کے عہدیداروں کو فلائیٹ آپریشن کے آغاز پر مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ کمپنی گوادر سے بھی آپریشن شروع کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا میں دنیا کی بڑی فضائی کمپنیاں بند ہو گئیں لیکن پاکستان میں نئی سروس کا آغاز ہوا ۔
ائیر سیال ائر بس کے ذریعے کوئٹہ سے کراچی اور اسلام آباد کیلئے ہفتہ میں 6 پروازیں چلائے گی ۔ ائر سیال کا فلائیٹ آپریشن ملک کے 5 شہروں میں شروع کردیا ہے ۔ ائر سیال کے چیف ایگزیکٹو آفیسرامین احسن اور پاکستان بلوچستان کے عہدیدار بھی موجود تھے۔