ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے آئی ٹی کورسز سکھانے کا پروگرام شروع کیا ہے، گورنر سندھ

240

حیدرآباد۔ 19 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے آئی ٹی کورسز سکھانے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی اس پروگرام کا آغاز ہو رہا ہے اور مستقبل میں سکھر، میرپور خاص، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں بھی نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر سندھ آئی ٹی انیشی ایٹو پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرانے کے لئے منعقدہ انٹری ٹیسٹ کے موقع پر نیاز سٹیڈیم حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ آئی ٹی انیشیٹیو پروگرام کے تحت حیدرآباد کے نوجوانوں سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس و دیگر کورسز کے لئے انٹری ٹیسٹ لیا جا رہا ہے جوکہ تین روزتک جاری رہے گا اور تقریباً 50 ہزار طلباءاور طالبات انٹری ٹیسٹ دیں گے۔ آئی ٹی کورسز مکمل کرنے کے بعد نوجوان آ ن لائن روزگار حاصل کرسکیں گے جبکہ اس پروگرام سے نہ صرف نوجوان مستفید ہونگے بلکہ ملکی معیشت کو بھی مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج ہم یہاں حیدرآباد میں تاریخ بدلنے کے لئے جمع ہوئے ہیں،ان آئی ٹی کورسز کا مقصد معیشت کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تین ماہ پہلے حیدرآباد کے نوجوانوں سے وعدہ کیا تھا اور آج اس کی تکمیل کا دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹس بہت کم ہیں ، آئی ٹی کے یہ کورسزبہت مہنگے ہیں جوکہ حیدرآباد کے نوجوانوں کو بالکل مفت کرائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کورسز کی تکمیل کے بعد یہ نوجوان اپنے معاشی حالات بہتر بنا سکیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہم ان کورسز میں میڈیا پرسنز کی فیملیز کے لیے خصوصی کوٹہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں جنگ ہتھیار سے نہیں بلکہ معیشت کے میدان میں لڑی جارہی ہے اور مجھے اپنے نوجوانوں پر پورا یقین ہے کہ یہ آئی ٹی میں اپنا لوہا منوائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ ایک کروڑ بچوں کو یہ کورسز کروائیں اور ملکی معیشت کو بہترسے بہتر بنا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کو مفت لیپ ٹاپس بھی تقسیم کرینگے جس کے لئے ہم نے ڈیل کمپنی پاکستان کے سی ای او سے بات کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کی جانب سے نئے انیشیٹیو لیے جارہے ہیں جس میں راشن، موٹر سائیکلز دینے کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے کورسز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج گورنر ہائوس ایک یونیورسٹی میں تبدیل ہوگیا ہے اور 50 لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی کورسز کرواکر ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے کردار ادا کررہے ہیں۔ اس موقع پر سیلانی انٹر نیشنل ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر احمد فاروقی، کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں جبکہ انٹری ٹیسٹ دینے والے نوجوان طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔