ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دینا ہو گا،مدد علی سندھی

131
Federal Minister of Education
Federal Minister of Education

لاہور۔26فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و فنی تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کے لیے ٹیکنکل ایجوکیشن کو فروغ دینا ہو گا،نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے لیس کر کے معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے،نگران حکومت نے مختصر عرصہ میں تعلیم کے فروغکیلئے روڈ میپ تیار کر کے آنے والی حکومت کے لیے آسانی پیدا کر دی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز مقامی ہوٹل میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ(پی ایس ڈی ایف ) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دینا ہو گا،نوجوان نسل کو ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ دے کر انہیں عصر حاضر کی مہارتوں سے لیس کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مفاہمتی یاداشت کا مقصد پسماندہ طبقے کی ترقی کے لئے ایک کوشش اور نوجوانوں کو ملکی و غیر ملکی سطح پر با ہنر،با صلاحیت،خود مختار اور باوقار بنانا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے روایتی کی بجائے ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دینا ہو گا،فروغ تعلیم کے لیے طلبا کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی ٹریننگ کا اہتمام بھی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کو معیاری تعلیم سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نگران حکومت نے ہر ممکن وسائل استعمال کئے،آنے والی حکومت کے لیے ایک روڈ میپ چھوڑ کر جا رہے ہیں،امید ہے آنے والی حکومت اس روڈ میپ پر عمل کر کے تعلیم کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر چیئر پرسن نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(نیوٹک)گلمینہ بلال احمد،محمد عامر جان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ(پی ایس ڈی ایف) پاکستان کا سب سے بڑا سکل ڈویلپمنٹ فنڈ ہے جو کہ حکومت پنجاب کی جانب سے فارن،کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس( ایف سی ڈی او)کے اشترا ک سے قائم کیا گیا ہے۔پی ایس ڈی ایف عالمی بینک کی جانب سے فراہم کردہ سکلز ٹریننگ کی فنڈنگ کا بھی انتظام کرتا ہے،نیوٹیک کے ساتھ حالیہ معاہدہ بھی اس سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے۔