ملک امین اسلم کا ایوبیہ نیشنل پارک میں 129 سالہ قدیم تاریخی سرنگ کو ازسرنو کھولنے کی تقریب سے خطاب

210

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں ایکو ٹورازم کے فروغ کے سلسلہ میں مقامی شراکت داروں و آبادیوں کی مشاورت سے پائیدار ماڈل متعارف کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وہ جمعرات کو ایوبیہ نیشنل پارک میں 129 سال قدیم تاریخی سرنگ کو ازسرنو کھولنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کو نقصان پہنچانے والے عوامل کے تدارک، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور قدرتی ماحول کے فروغ کے حوالہ سے ذمہ دارانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوبیہ نیشنل پارک 3312 ہیکٹرز رقبہ پر پھیلا ہوا محفوظ علاقہ ہے جس میں سینکڑوں اقسام کے جانور اور پودے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے غیر پائیدار طریقوں اور قدرتی وسائل کی کان کنی کی وجہ سے ایکو سسٹم متاثر ہو رہا ہے۔ ملک امین اسلم نے تاریخی سرنگ کے بارے میں بتایا کہ یہ 1891ءمیں تعمیر کی گئی جو کئی دہائیوں سے زبوں حالی کا شکار تھی، اس سرنگ کی اہمیت کے پیش نظر وزارت موسمیاتی تبدیلی اور خیبرپختونخوا کے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر اس کی مرمت اور بحالی کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ایوبیہ نیشنل پارک کی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا اور زیادہ سے زیادہ سیاح اس جانب متوجہ ہو سکیں گے۔