ملک اور قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لئے علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی کی ضرورت ہے ‘وزیر اعظم

180

وزیر اعظم عمران خان نے ملک اور قوم کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ، تاکہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کیا جاسکے۔ 9 نومبر کو علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پراپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہماری نفرادی اور قومی ذمہ داری ہے کہ علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئےقوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے افکار اور شاعری کے ذریعےاس وقت برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کا فیصلہ کیا جب وہ اپنی شناخت کی تلاش میں غلامی کے اندھیروں میں جکڑے ہوئے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ساتھ اس انداز میں مسلمانوں کو بیدار کیاجس کی مدد سے مسلمانان بر صغیر کو مایوسی کے احساس سے بیدار ہونے اور ناممکنات کو ممکن بنانے میں بھر پور رہنمائی حاصل ہوئی۔ پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم نے پیغام میں مزید کہا کہ علامہ اقبال نے نہ صرف پاکستان کا خواب دیکھا بلکہ قیام پاکستان کےبعد میں پیش آنے والے مسائل کی بھی نشاہدہی کر دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان کی شخصیت کی دور اندیشی تھی کہ انہوں نے بہت سال پہلے ہمیں درپیش عصری مسائل کی نشاندہی کر دی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فرقہ واریت اور انتہا پسندی جیسے مسائل پر قابو پانے کے لئے اقبال کا وژن اب بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ وزیر اعظم نے خصوصی طور پر نوجوان نسل جنہیں اقبال نے شاہین سے تعبیر کیا تھا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی فطری صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں جس کی مدد سے وہ دنیا میں اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے قوم پر زور دیاکہ اپنے اکابرین کے افکار میں پاکستان کو ڈھالنےکی جانب اپنی تمام تر توانائیاں سیاسی ، سماجی اور معاشی اداروں کی تشکیل نو پر مرکوز کریں۔