اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) ملک بھر میں اساتذہ کا عالمی دن بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور قوم کے معماروں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی 5 اکتوبر کو اساتذہ کے عالمی دن کے طور پر ملک بھر میں منایا گیا۔ اس موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اساتذہ کی تکریم کے حوالے سے خصوصی پیغامات جاری کئے گئے۔ سوشل میڈیا پر اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے بھرپور مہم چلائی گئی۔ شاگردوں کی جانب سے اپنے اساتذہ کو فون کرکے اساتذہ کے عالمی دن پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ صدر اور وزیراعظم نے قومی ترقی اور نوجوانوں کی کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرنے پر اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قومی و ملی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔