اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان بھر کے 99 مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی زور و شورجاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کی جاب سے جاری تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے پہلے روز ملک بھر میں 24.9 فیصد بچوں کی پولیو ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ہے۔
این ای او سی کے حکام نے کہا ہے کہ پنجاب میں 30 اور سندھ میں 22 فیصد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، خیبرپختونخوا میں 29 اور بلوچستان میں 20 فیصد بچوں کی ویکسی نیشن جبکہ اسلام آباد میں 18 فیصد بچوں کی ویکسین مکمل ہو چکی ہے۔اسی طرح گلگت بلتستان میں 21 اور آزاد کشمیر میں 31 فیصد بچوں کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں پولیو مہم کا بیک وقت انعقاد کیا جا رہا ہے،پولیو وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں،انسدادپولیو ٹیم امید کا پیغام لیے آپ کے دروازے پر آ رہی ہے، ان سے تعاون کریں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ ہر مہم میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو سمیت دیگر 12 خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بچوں کا حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بروقت مکمل کروائیں۔
قوم کے مستقبل کو پولیو سے بچانا ہر فرد کی قومی ذمہ داری ہے۔پولیو ٹیم سے رابطے کے لیے 1166 پر کال کریں یا 03467776546 پر واٹس ایپ میسج کریں ۔ دوسری جانب پنجاب کے 9 اضلاع میں سیلاب کے پیشِ نظر انسداد پولیو مہم موخر کر دی گئی ہے۔جنوبی خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے ہوگا۔