اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 49 گرڈ اور 497 فیڈرز متاثر ہوئے، 239 مکمل اور 249 کو عارضی طور پر بحال کر کے 16لاکھ 23ہزر413متاثرہ صارفین میں سے13لاکھ 7ہزار559صارفین کیلئے بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے، باقی 3 لاکھ 15ہزار854متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی اولین ترجیح ہے۔
جمعرات کو پاور ڈویژن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پیسکو کے علاقے سوات،بونیر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان میں 12 گرڈز اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے، 85 فیڈرز مکمل اور 6 کو جزوی طور پر بحال کر کے 463375 متاثرہ صارفین میں سے 459921 صارفین کیلئے بجلی بحال کر دی گئی ہے، باقی 3454 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام 4 سے 12 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا،
صوابی اور ڈی آئی خان میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔گیپکو کے 11 گرڈ اور 103 متاثرہ فیڈرز میں سے 88 فیڈر مکمل اور 16کو جزوی طور پر بحال کر کے 735987 متاثرہ صارفین میں سے 660509 صارفین کیلئے بجلی بحال کر دی گئی ہے، باقی 75478 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی بحالی کا کام سیلاب کا پانی اترنے پر مکمل کر لیا جائے گا۔
اسی طرح لیسکو میں لاہور، اوکاڑہ، شيخوپورہ، قصور اور ننکانہ کے 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 44 مکمل اور 23 کو جزوی طور پر بحال کر کے 73634 متاثرہ صارفین میں سے 59067 صارفین کیلئے بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ لیسکو کے باقی 14567 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام 4 سے 5 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
فیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں ٹی ٹی سنگھ، فیصل آباد ، چنیوٹ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ڈی آئی خان کے 26 گرڈ اور 77 فیڈرز متاثر ہوئے، متاثرہ فیڈرز میں سے 19 مکمل اور 54 عارضی طور پر بحال کر کے 198616 متاثرہ صارفین میں سے 93331 صارفین کیلئے بجلی بحال کر دی گئی ہے، باقی 105285 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام پانی اترنے پر 4 سے 5 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 139 فیڈرز متاثر ہونے سے 96537 صارفین متاثر ہوئے، پانی اترتے ہی متاثرہ فیڈرز کی مکمل بحالی کا کام شروع ہو جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو )کے علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر کے 17 فیڈرز متاثر، 2 فیڈر مکمل اور 11 فیڈر عارضی طور پر بحال کر کے 31599 متاثرہ صارفین میں سے 7302 صارفین کیلئے بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے،
باقی 24297 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام 5 ستمبر شام 5 بجے تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔مزید برآں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیزیکو )کے زیرِ انتظام علاقے مانسہرہ کے 3 متاثرہ فیڈرکو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔