22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 850 افراد جاں بحق، 1,150...

ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 850 افراد جاں بحق، 1,150 زخمی،چیئرمین این ڈی ایم اے

- Advertisement -

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور اچانک سیلاب کے نتیجے میں ملک بھر میں 850 افراد جاں بحق جبکہ 1,150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔اتوار کو وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ سیلاب کے دوران 6 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ ہزاروں مویشیوں کو بھی بچایا گیا، ریسکیو اور امدادی کارروائیاں پورے ملک میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ہدایت پر انجام دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ مون سون کا آخری اسپیل ستمبر کے پہلے 10 دنوں میں متوقع ہے جس کے دوران مشرقی پنجاب، آزاد کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ شمالی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے کی شدید بارشوں نے بھی اس اثر کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹس جاری کیے جا چکے ہیں، تمام دریاؤں کی نگرانی کی جا رہی ہےاور متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے متحرک ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں پانی کا دباؤ انتہائی خطرناک سطح پر ہے۔ ایک بڑا سیلابی ریلا 4 سے 5 ستمبر کے درمیان گڈو اور سکھر بیراج تک پہنچنے کا امکان ہے جس کا بہاؤ 7 سے 8 لاکھ کیوسک تک ہو سکتا ہےاور یہ 12 سے 13 لاکھ کیوسک تک بھی جا سکتا ہے،حکومتِ سندھ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ یہ معلومات شیئر کی جا چکی ہیں تاکہ وہ بروقت تیاری کر سکیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے زور دیا کہ آئندہ مون سون سیزن کے لیے قومی سطح پر مکمل تیاری اور ردعمل کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی انتہائی تیزی سے ہو رہی ہے اور اب یہ صرف قومی نہیں بلکہ عالمی سکیورٹی کا مسئلہ بن چکا ہے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں