لاہور۔8فروری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المسالک ہم آہنگی کے ڈائریکٹر حج پنجاب اقرار احمد نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں سرکاری کوٹہ کے تحت حاجی کیمپس میں عازمین حج کی ٹریننگ کا آغاز 12فروری سے ہوگا اس سلسلہ میں سرکاری عازمین حج کی تربیت کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کواے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے اقرار احمد نے بتایا کہ ضلع و تحصیل کی سطح پر تربیتی پروگرامز کا انعقاد12 تا24فروری تک مختلف سیشنز میں ہوگا ،تمام عازمین کی تربیتی پروگرامز میں شرکت لازمی ہو گی، نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کےساتھ ساتھ نظم و ضبط اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے18ہزار عازمین حج سفر کی سعادت حاصل کریں گے اور ان کی ڈسٹرکٹ و تحصیل لیول پر حاجی کیمپس میں مختلف حصوں میں ٹریننگ ہو گی ۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور حاجی کیمپ میں کل9 ہزار عازمین حج کو ٹریننگ دی جائے گی جبکہ لاہور حاجی کیمپ میں روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار عازمین حج کو ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔انہوں نےبتایا کہ پہلے مرحلے میں 12 تا15 فروری تک چار دن ٹریننگ فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں20 تا 24 فروری تک پانچ دن ملک بھر میں حاجی کیمپس میں ٹریننگ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں سات حاجی کیمپوں کے ذریعے حج تربیتی پروگرام میں پاک حج موبائل ایپ،سفر حج کی تیاری،مناسک،سفر حج کی عمومی ہدایات شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تربیت گاہوں میں وادی منی کی طرز کے ماڈل خیمے تیار کئے گئے ہیں،ماسٹر ٹرینرز عازمین حج کو تھری ڈی وڈیوز اور سوال و جواب کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے۔علاوہ ازیں عازمین حج اپنے قریبی مقامات پر حج تربیتی ورکشاپس میں شرکت کریں گے۔عازمین حج کو موبائل میسج اور حج ایپ کے ذریعے تربیتی شیڈول کی اطلاع بھی دی جائے گی۔