اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ریفریجریٹڈ ویکسین ٹرکوں کے ذریعےملک بھر میں بچوں تک ویکسین کی محفوظ ترسیل ممکن بنائی جائے گی۔ انہوں نے بدھ کو 31ریفریجریٹڈ ویکسین ٹرک فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر صوبے کو 5 ٹرک دیئے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے ویکسینز کو گلگت بلتستان سمیت دور دراز علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے اور بنیادی مراکز صحت کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم پر بات کرتےہوئے کہاکہ ملک بھر میں 21 اپریل سے انسداد پولیو مہم جاری ہے جس میں سوا چار لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔
پہلی بار پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت پولیو مہم کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کو مذہب کا مسئلہ بنانے والے افراد وہی ہیں جو حج و عمرہ کے دوران قطار میں لگ کر قطرے پلواتے ہیں۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ لاعلمی کی بجائے شعور کا مظاہرہ کریں اور علما، ایم این اے و ایم پی اے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے میں مددگار بنیں۔
مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں، صرف بچاؤ ہی واحد راستہ ہے۔ یہ ایک نیشنل کاز ہے اور ہر فرد کو اس مشن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ صحت دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے ۔یہ عہدے ہمارے لیے امتحان ہیں اور ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586433