ملک بھر میں ستمبر 2022 کے بعد سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا،ڈاکٹر شہزاد بیگ

92
مظفرگڑھ میں 2023 میں کوئی پولیو کیس رجسٹر نہیں ہوا ، ڈپٹی کمشنر

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ ملک بھر میں ستمبر 2022 کے بعد سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا،پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جارہی ہے۔ پیر کو قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر سے جاری بیان میں ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پاکستان میں ستمبر 2022 کے بعد سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، گزشتہ سال پولیو کی وبا سے 20 بچوں کو معذور کر دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے مارچ کی اس مہم کو خاص طور پر ان علاقوں تک پہنچنے کے لیے منعقد کیاہے جہاں رمضان اور عید کے تہوار کے دوران بھی زیادہ آمدورفت متوقع ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس جنوری میں لاہور کے دو الگ الگ مقامات سے ماحولیاتی نمونوں میں پہلی بار پولیو وائرس کا پتہ چلا تھاجس کے بعد سے مزید دو نمونوں میں پولیو کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔

ڈی آئی خان گھوٹکی کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو پروگرام نے بعض جگہوں پر پائے جانے والے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تصدیق کے بعد بچوں کو اس انتہائی متعدی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 اور 24/7 واٹس ایپ ہیلپ لائن 7774665- 0346 والدین کی رہنمائی کریں گے ، والدین ویکسین سے متعلقہ کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔