ملک بھر میں صحت کے شعبے کے لئے مختص رقم 19.36 ارب روپے، 44 ملین سے زائد خاندانوں کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، اقتصادی سروے

43

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):ملک بھر میں صحت کے شعبے کے لئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) 22۔2021کی مختص رقم 19.36 ارب روپے ہے، پی ایس ڈی پی 22۔2021میں صحت کے شعبے کے 60 پراجیکٹس ہیں جن کی کل لاگت 137.6 ارب روپے ہے اور 30 جون 2021 تک کے اخراجات 30.1 ارب روپے رہے، صحت سہولت پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں 44 ملین سے زائد خاندانوں (تقریباً 154 ملین لوگوں) کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، صحت کی خدمات کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے کے لئے ایک قومی صحت معلوماتی نظام کی ترقی کا آغاز کیا گیا ہے۔

جمعرات کو جاری اقتصادی سروے کے اعدادو شمار کے مطابق جنوری 2020 سے مارچ 2022 تک 51,546 پروازوں کو کووڈ19 کیسز کا پتہ لگانے کے لئے ٹیسٹ کیا گیا، کل 8.42 ملین مسافروں کا کووڈ۔19 ٹیسٹ کیا گیا جن میں 3,122 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کی شرح 0.21 فیصد تھی۔ تمام پروازوں کو دو قسم کے ٹیسٹوں کے لئے اسکرین کیا گیا اورپی سی آر سی / یو کے پیکس اور آر اے ٹی پیکس بالترتیب 90,288 اور 1.50 ملین رہے۔ جولائی سے دسمبر 2021 تک منشیات کی سپلائی کو کم کرنے کے لئے 306.56 ملین روپے کے اثاثے منجمد کئے گئے ۔

بہت زیادہ بوجھ اور کم آلات صحت کے نظام کے باوجود پاکستان نے کوویڈ۔ 19 کی وبا کو کامیابی سے روکا ۔ صحت کے اخراجات مالی سال 2020 میں 505.4 بلین روپے سے مالی سال 2021 میں 657.2 بلین روپے تک 30 فیصد بڑھ گئے۔ صحت پر عوامی شعبے کے اخراجات کا تخمینہ 2020-21 میں جی ڈی پی کا 1.2 فیصد لگایا گیا تھا جو 2019-20 میں 1.1 فیصد تھا۔