اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کو عید الفطر مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کی نماز لاہور میں اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں ادا کی۔ وفاقی دارالحکومت میں عیدالفطر کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا۔ اعلی حکومتی شخصیات اور مسلمان ممالک کے سفرا اور بڑی تعداد میں شہریوں نے فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔
نماز عید کے اجتماعات میں مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوا مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی ۔ کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الفطر کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے تمام شہروں اور قصبوں میں مساجد اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، کراچی میں پولو گرائونڈ میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، نماز عید کے بعد پاکستان کی سلامتی، فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر سمیت دنیا بھر کے مقبوضہ علاقوں کے مسلمانوں کے لیے اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں نے مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید ادا کی۔
کوئٹہ اور ملک دیگر شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد ،امام بارگاہوں ، کھلے میدانوں اور عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ۔
میٹھی عید کی بڑی خوشیاں منانے کے لئے خواتین بچوں اور نوجوانوں نے اپنے اپنے انداز میں عید منائی، اس حوالے سے چاند رات کو مارکیٹوں اور بازاروں میں رات گئے تک خوب رش رہا،خواتین بیوٹی پارلر اور مہندی لگانے اوررنگ برنگی چوڑیوں کے اسٹالوں پر مصروف رہیں جبکہ نوجوان اور منچلے ہئیر سیلون کی دکانوں پر تیار ہوتے نظر آئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577615