24.8 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات عقیدت و احترام...

ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات عقیدت و احترام سےمنائی جا رہی ہیں

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):ربیع الاول کا مقدس مہینہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات جوش و جذبہ اور عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہیں، ملک بھر میں گھروں، مساجد، گلیوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، جھنڈیوں اور بینرز سے سجا یا گیا ہے۔لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں میلاد کی محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں لوگ بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں۔ ان محافل میں نعت خوانی، قرآن پاک کی تلاوت اور سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی جا رہی ہے جو روحانی ماحول کو مزید پرنور بنا رہی ہیں۔اسلام آباد کی رہائشی فاطمہ نے بتایا کہ مجھے عید میلاد النبی ﷺ منانا بہت پسند ہے کیونکہ یہ ہمیں حضور ﷺ کی تعلیمات، محبت، مہربانی اور سخاوت کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے گھروں کو سجاتے ہیں، میلاد کی محافل میں شریک ہوتے ہیں اور اپنے پڑوسیوں اور غریبوں میں مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں، یہ موقع ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے اور اپنے اخلاق پر نظرثانی کا موقع دیتا ہے۔محفل میلاد میں شریک رابعہ نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ صرف ایک تہوار نہیں بلکہ ہمارے لئے ایک موقع ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی سیرت سے سبق سیکھیں اور اپنے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے اعمال پر غور کرنے اور بہتر انسان بننے کی ترغیب دیتا ہے۔

- Advertisement -

اس موقع پر ملک بھر میں جلوسوں اور ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں نعرے بازی اور نعت خوانی کے ذریعے شرکامحبت رسول ﷺ کا اظہار کر رہے ہیں، اور ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد و یگانگت کا پیغام دے رہے ہیں۔حکومت کی جانب سے بھی ان تقریبات کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔

ربیع الاول کے دوران عوام بڑی تعداد میں فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں جن میں مستحقین کو کھانا کھلانا، کپڑے فراہم کرنا، ہسپتالوں اور یتیم خانوں کا دورہ کرنا شامل ہے تاکہ دوسروں میں خوشیاں بانٹی جا سکیں۔عید میلاد النبی ﷺ کی یہ تقریبات نہ صرف نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عزم دلاتی ہیں بلکہ معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ بھی بن رہی ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں