ملک بھر میں ماہ ربیع الاول ماہ رحمۃ للعالمین کے عنوان سے منایا جائے گا،چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی

94

لاہور۔18ستمبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ماہ ربیع الاول ماہ رحمۃللعالمینۖ کے عنوان سے منایا جائے گا، ماہ ربیع الاول میں ملک بھر میں رحمۃ للعالمین کانفرنسیں منعقد ہوں گی جس میں رسول اکرمﷺ کی سیرت طیبہ سے معاشرتی ہم آہنگی ، رواداری کے فروغ اور شدت پسندی کے خاتمے پر علما و مشائخ خطاب کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گزشتہ روز لاہو رمیں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنسز اور اجتماعات میں پاکستان میں موجود غیر مسلم قائدین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی’اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے،تمام مذاہب امن و محبت اور رواداری کا درس دیتے ہیں’پاکستانی معاشرہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی ، استحکام اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کریں۔طاہر اشرفی نے کہاکہ امریکہ میں موجود پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستان دشمن سرگرمیوں سے دور رہیں اورمظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کریں۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ پاکستان میں شدت پسند رویوں کی کمی ہونی چاہیے’رواداری ، محبت اور اخوت کو فروغ دینا چاہیے ، رسول اکرمﷺ اور تمام انبیا کی تعلیمات محبت اور رواداری کی ہیں،کسی گروہ ، جماعت یا فرد کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ دوسرے مذاہب کے مقدسات کی توہین کرے’اسی لیے پاکستان علما کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ سیرت النبیﷺ کے عنوان پر ہونے والے اجتماعات میں غیر مسلم مذاہب کے قائدین کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے اور غیر مسلموں کے حوالے سے رسول اللہﷺ کی جو تعلیمات ہیں ان کو اجا گر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے ، پاکستان مسلم اور غیر مسلم دونوں نے مل کر بنایا ہے اور پاکستان میں کسی بھی قسم کی تشدد یا انتہا پسندی کو فروغ نہیں دیا جانا چاہیے ۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے نئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی تقرری پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان سے پاکستان علما کونسل التماس کرتی ہے کہ وہ عام آدمی کیلئے نظام انصاف کو آسان بنا دیں ۔اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا زبیر عابد ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا مبشر رحیمی ، مولانا عبد الغفار فاروقی ، مولانا ابراہیم حنفی ، مفتی سید نسیم الاسلام ، مفتی فلک شیر ، مفتی رحمت دین ، قاری کفایت اللہ ، مولانا ناصر حقانی ، قاری فیصل امین اور دیگر بھی موجود تھے ۔