ملک بھر میں کل مذہبی عقیدت و احترام سے شب برأت منائی جائے گی

284
ملک بھر میں کل مذہبی عقیدت و احترام سے شب برأت منائی جائے گی

فیصل آباد۔ 24 فروری (اے پی پی):ملک بھر میں شب برأت (کل) 14شعبان المعظم بروز اتوار کوانتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مساجد و دیگر عبادت گاہوں میں بابرکت محافل کا اہتمام کیا جائے گا شب بیداری ہوگی اوررات بھر عبادات و نوافل ادا کئے جائیں گے جبکہ علما کرام،خطیب حضرات اور مقررین شب برات کی فضلیت بیان کریں گے۔

فرزندان اسلام شب برأت کے اجتماعات میں اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ،ملک وقوم کی سلامتی، عالم اسلام کی سربلندی،کشمیر وفلسطین کی آزادی اور اپنے مرحومین کی مغفرت و بلندی درجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں گے اس بابرکت شب کے موقع پر اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ پی ٹی وی،ریڈیو پاکستان اور نجی ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی پروگرام ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے۔

شب برأت کے موقع پرلوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کیلئے قبرستانوں میں بھی جائیں گے۔15شعبان بروز پیر کو روزہ بھی رکھا جائے گا۔