اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ملک بھر میں 2025 کی پانچویں اور حتمی قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔ اس مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 46 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ مہم نے تمام صوبوں اور علاقوں میں بھرپور کووریج حاصل کی۔ پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ 29 لاکھ بچوں کو ویکسین دی گئی، سندھ میں تقریباً 1 کروڑ …
ملک بھر میں 2025 کی پانچویں اور حتمی قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ملک بھر میں 2025 کی پانچویں اور حتمی قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔ اس مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 46 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ مہم نے تمام صوبوں اور علاقوں میں بھرپور کووریج حاصل کی۔ پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ 29 لاکھ بچوں کو ویکسین دی گئی،
سندھ میں تقریباً 1 کروڑ 6 لاکھ، خیبر پختونخوا میں 71 لاکھ 57 ہزار سے زائد، اور بلوچستان میں 25 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ اسلام آباد میں 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے دیے گئے، جبکہ گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 74 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 14 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی۔مہم کا افتتاح وفاقی وزیر برائے قومی صحت، سید مصطفیٰ کمال، نے وفاقی سیکرٹری صحت اور نیشنل کوآرڈینیٹر محمد انوار الحق کے ہمراہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو میں بین الاقوامی پارٹنر تنظیموں کے نمائندوں اور پاکستان پولیو پروگرام کے سینئر حکام کی موجودگی میں کیا۔
مہم کے دوران قومی اور صوبائی قیادت نے ویکسینیشن کی کوریج، مہم کے معیار اور مجموعی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے وسیع پیمانے پر فیلڈ دورے کیے اور مہم کے حوالے سے کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ یہ نگرانی اور جائزہ کی سرگرمیاں خامیوں کی نشاندہی کرنے اور ضرورت پڑنے پر بروقت اصلاحی اقدامات کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق، نے قومی پولیو مہم کے دوران پشاور اور لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبائی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیے تاکہ پولیو کی موجودہ صورتحال اور مہم کے نتائج کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔
ان دوروں کے دوران، انہوں نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز سے بھی ملاقات کی، ان کی محنت و لگن کو سراہا اور درپیش مسائل سنے تاکہ مستقبل کی مہمات کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔2025 میں مسلسل اور اعلیٰ معیار کی ویکسینیشن مہمات کے نتیجے میں پاکستان میں پولیو کے کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ رپورٹ شدہ کیسز کی تعداد 2024 میں 74 سے کم ہو کر 2025 میں 30 رہ گئی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں مثبت پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔
ستمبر 2025 کے بعد سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو ملک بھر میں جاری اور جامع حفاظتی اقدامات کے ذریعے حاصل کردہ قابلِ قدر پیش رفت کو اجاگر کرتا ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کی راہ پر مضبوط قدموں سے آگے بڑھ رہا ہے۔ مسلسل کوششیں، اعلیٰ معیار کی ویکسینیشن مہمات، اور کمیونٹی کی بھرپور شمولیت نے اس اہم پیش رفت میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
مہمات کے نفاذ میں مستقل نگرانی اور بہترین طریقہ کار پر عمل جاری رکھنا اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ نیشنل ای او سی تمام اسٹیک ہولڈرز، بشمول والدین، کمیونٹی رہنما، اور ہیلتھ ورکرز سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنی مسلسل حمایت اور تعاون جاری رکھیں۔ اجتماعی عزم اور مربوط اقدامات کے ذریعے پاکستان بتدریج پولیو سے پاک قوم کے حتمی ہدف کے قریب پہنچ رہا ہے۔








