اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 16 ہزار 973 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
بدھ کو این آئی ایچ کی جانب سے جاری ٹویٹ میں شیئر کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 973 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 118 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.70 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے 3 مریض جاں بحق ہوئے جبکہ 82 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
مختلف شہروں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے کورونا ٹیسٹس کے مطابق لاہور میں 804 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 19 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کیسسز کی شرح 2.36 فیصد رہی،گلگت میں 122 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کیسسز کی شرح 1.64 فیصد رہی جبکہ پشاور میں 633 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور مثبت کیسسز کی شرح 1.42 فیصد رہی۔