ملک بھر میں 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، ترجمان الیکشن کمیشن

139
الیکشن کمیشن کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں آئے گا اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

لاہور۔4جنوری (اے پی پی):8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں ملک بھر میں زوروشور سے جاری ہیں۔ پی پی پی ، جماعت اسلامی ،ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان اور انتخابی جلسے و ریلیوں کے شیڈول بھی جاری کردیئے ہیں ۔

صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں فعال ہیں ۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران امیدواران کو ضابطہ اخلاق کے حوالے سے آگاہی دے رہے ہیں اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کسی سیاسی دبا کو ملحوظ خاطر لائے بغیر ذمہ داری سرانجام دیں گے۔

ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 10جنوری تک نمٹائی جائیں گی اور نظر ثانی شدہ فہرستیں 11جنوری کوجاری ہوں گی جب کہ امیدوار12جنوری تک کاغذات واپس لے سکیں گے ۔انتخابی نشان 13 جنوری کو الاٹ کئے جائیں گے۔