اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں ایک سو سینتیس گرین یوتھ کلب قائم کیے گئے ہیں۔گرین یوتھ کلب کے تحت گرین الیکشنزاہم قدم ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےوزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزیر اعظم کے یوتھ افیئرز ونگ کے درمیان ہونے والی ایک ملاقات میں کیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ یہ گرین یوتھ کلب نوجوانوں کی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں شمولیت میں اہم کردار کریں گے۔یہ گرین یوتھ کلب پاکستان کے نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ اور کاروبار میں اپنائے جانے والے پائیدار ترقی کے طریقہ کار کے بارے میں تربیت کے مواقع فراہم کریں گے۔ اس سے پورے ملک میں پائیدار کاروبار کا سلسلہ شروع ہو گا۔
کامیاب جوان پروگرام کے تحت گرین یوتھ انیشیٹیو بوٹ کیمپس کا انعقاد گرین یوتھ کلبوں کے ذریعے کیا جائے گا۔ ان بوٹ کیمپوں میں منتخب نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔ منتخب نوجوانوں کو مالی مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔گرین یوتھ کلب گرین الیکشن بھی کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی جامعات کو اپنے حقوق کے حوالے سے سیاسی شعور کی ضرورت ہے، گرین الیکشن اس سلسلے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ہر ماہ مارچ کے مہینے میں کامیاب جوان کے گرین یوتھ اقدام کے تحت "گرین یوتھ ڈے” منایا جائے گا۔ گرین یوتھ ڈے نوجوانوں میں جوش اور شعور کرنے کے لیے منایا جائے گا۔ گرین یوتھ ڈے پر پاکستان کے نوجوانوں میں پودے تقسیم کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین کو کامیاب جوان کے گرین یوتھ اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کامیاب جوان پروگرام کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل پر نوجوانوں کوشامل کرنےاور روشناس کرانے کی کوششوں کو سراہا۔