کوئٹہ۔ 08 فروری (اے پی پی):ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی الیکشن 2024 کیلئے پولنگ کا عمل پر امن طور پر مکمل ہوگیا ، پولنگ صبح 8 بجے سے لیکر شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہی اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جس کے نتیجے میں لو گوں کی بڑی تعداد بشمول بزرگ اورخواتین اپنے حق رائے دہی کے لئے پولنگ اسٹیشن پہنچے ۔
نگران و زیراعلی میر علی مردان ڈومکی نے صوبے بھر میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے عام انتخابات کے جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیکر صاف شفاف چناو کے ذریعے اپنے پارلیمانی نمائندوں کے انتخاب میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور اجتماعی سیاسی شعور کا ثبوت دیا بلوچستان بھر میں پولنگ کے دوران کوئی بھی غیر معمولی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا جو نگران صوبائی حکومت اور تمام سیکورٹی اداروں کی بہتر حکمت عملی کا مظہر ہے ۔
انہوں نے عام انتخابات کے دوران بحالی امن کیلئے سول فورسز کی معاونت کے لئے پاک فوج اور ایف سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان آئی جی ایف سی نارتھ اور ساوتھ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا وزیر اعلٰی بلوچستان نے ہیڈکوارٹرز ایف سی میں جنرل الیکشنز کے سیکیورٹی انتظامات کیلئے قائم کردہ الیکشنز سیل کا جائزہ بھی لیا اور بہترین سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں قیام امن میں آرمی اور ایف سی کا کلیدی کردار ہے ۔
نگران صو بائی وز یر اطلاعات جان اچکزئی نے بلو چستان میں عام انتخابات کے پر امن انعقاد پر عوام کو مبارک باد دیتے ہو ئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت پر امن طور پر الیکشن کا انعقاد ہوا ،بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 نشستوں کیلئے 429 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 51 حلقوں پر ایک ہزار 267 امیدوار میدان میں تھے۔ صوبے بھر سے 53 لاکھ 71 ہزار 947 رجسٹرڈ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کرنا تھا۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 30 لاکھ 16 ہزار 164 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 23 لاکھ 55 ہزار 783 تھی۔ ووٹنگ کیلئے 5 ہزار 26 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے ایک ہزار 651 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 2 ہزار 249 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ 51 ہزار 379 پولنگ اسٹاف انتخابی عمل میں حصہ لیا۔
پولنگ شام 5 تک بلا تعطل جاری رہی۔ الیکشن سیکورٹی کیلئے پولیس ، ایف سی ، بی سی ، لیویز اور 12 کور کے 66 ہزار 214 جوان تعینات رہے۔ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی الیکشن کمیشن میں کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔